غزہ

غزہ سے تعلق رکھنے والے فلسطینی صحافی ابوبکر عابد نے کشمیری عوام کے نام اپنے خصوصی پیغام میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پیش آنے والے حالات کو غزہ میں اپنے اور اپنے خاندان پر گزرنے والے حالات سے جوڑ کر دیکھتے ہیں۔

اپنے پیغام میں ابوبکر عابد نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ 19 ماہ کے دوران غزہ میں ہونے والے واقعات کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اور برداشت کیا ہے، اسی لیے وہ کشمیری عوام کے دکھ اور مشکلات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جن حالات سے گزر رہے ہیں وہ انتہائی افسوسناک ہیں اور پوری انسانیت کو ایسے حالات ہرگز قبول نہیں کرنے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی عزت اور بنیادی انسانی حقوق کے اتنے ہی حق دار ہیں جتنا دنیا کا کوئی بھی دوسرا انسان۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کی کہ کشمیری عوام کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے ان کی آواز سنی جائے اور ان کے جائز مطالبات پر توجہ دی جائے۔

ابوبکر عابد نے کہا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے سامنے آنے والی بعض تصاویر اور ویڈیوز دیکھ کر انہیں غزہ کے مناظر یاد آگئے، جو ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ تھے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی حکومت اور دیگر متعلقہ فریق کشمیری عوام کے مطالبات کو سنجیدگی سے سنیں گے، پرامن مظاہرین کی آواز پر توجہ دیں گے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کریں گے۔

پیغام کے اختتام پر فلسطینی صحافی نے کشمیری عوام کے لیے محبت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ انہیں امن، خوش حالی اور باعزت زندگی نصیب ہو اور آنے والے دن ان کے لیے بہتر ثابت ہوں۔