بوڈاپیسٹ میں پاکستانی سفارتخانے نے پاکستان کا 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے اور حب الوطنی کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر سفیرِ پاکستان آصف حسین میمن نے پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کی موجودگی میں قومی پرچم لہرایا۔

تقریب کے دوران یومِ آزادی کے موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات شرکاء کو پڑھ کر سنائے گئے۔

سفیرِ پاکستان آصف حسین میمن نے اپنے خطاب میں یومِ آزادی کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور قومی یکجہتی و مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

تقریب میں ہنگری میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی اور وطنِ عزیز سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔