کشمیر کے مختلف علاقوں میں احتجاج اور کشیدگی کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

مظفرآباد میں بڑی تعداد میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، متعدد شاہراہیں بند کر دی گئیں جبکہ مظاہرین نے الیکشن مہم کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا۔

مظفرآباد کے علاقے لوئر پلیٹ میں ہنگامہ آرائی کی اطلاعات ہیں۔ نامعلوم افراد نے مختلف سیاسی جماعتوں کے پوسٹر اکھاڑ کر جلا دیے، سڑک بند کر کے نعرے بازی کی گئی جبکہ علاقے میں دکانیں بھی بند کر دی گئیں۔

ادھر کھوئی رٹہ میں بھی بڑی تعداد میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ مختلف علاقوں سے حالات کشیدہ ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کشیدہ صورتحال کے باعث میرپور ڈویژن میں بحال کی گئی انٹرنیٹ سروسز ایک بار پھر معطل کر دی گئی ہیں۔

دوسری جانب مظفرآباد میں حالات انتہائی کشیدہ بتائے جا رہے ہیں۔ شہر کی مارکیٹیں اور سڑکیں بند ہیں جبکہ گلی محلوں اور چوکوں میں بھی مظاہرین موجود ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی ہے۔