چڑہوئی کے نواحی گاؤں جبر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک یتیم بچی ثانیہ کنول دختر محمد یونس (مرحوم) کو مبینہ طور پر اس کے شوہر جہانگیر نے تشدد کے بعد قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق مرحومہ کے بھائی عمیر یونس کو اتوار کی صبح 9 بجے ایک فون کال موصول ہوئی جس میں اطلاع دی گئی کہ ان کی بہن وفات پا چکی ہے۔ خبر سن کر اہل خانہ فوری طور پر راولپنڈی سے چڑہوئی پہنچے تو انکشاف ہوا کہ ثانیہ کنول کو تشدد کے نتیجے میں جان سے مار دیا گیا ہے۔
اہل خانہ کے مطابق جہانگیر، جو مقتولہ کا شوہر ہے، مسلسل اس پر تشدد کرتا رہا اور بالآخر اس ظلم کا نشانہ بنا ڈالا۔ میت کو راولپنڈی منتقل کرنے میں بھی رکاوٹ ڈالی گئی، تاہم گاؤں کے چند افراد کی مدد سے لواحقین لاش کو راولپنڈی لے جانے میں کامیاب ہوئے۔ ہسپتال پہنچنے پر میڈیکل معائنے میں واضح نشانات پائے گئے جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ ایک قتل کا واقعہ ہے۔
پولیس کو اطلاع دینے پر بتایا گیا کہ چونکہ معاملہ آزاد کشمیر کا ہے لہٰذا تفتیش اور میڈیکل رپورٹ وہیں سے مکمل کی جائے گی۔ دوسری جانب لواحقین نے سخت احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قاتل کو فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔



