حکومت آزادکشمیر کی اپیل پرآزادکشمیر اوردنیابھرمیں کشمیری عوام نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طورپرمنایا۔ یوم سیاہ کے سلسلہ میں ڈویژنل ہیڈکوارٹر میرپورمیں ضلع کچہری سے ڈپٹی کمشنرراجہ طاہر ممتاز خا ن، افسر مال سردار پرویزخان،تحصیلدار یاسر آفتاب گردیزی، صدر بار مرزا قمر الزمان ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل بار راشد ندیم بٹ، مسلم کانفرنس کے عبدالشکور مغل، انجمن تاجراں کے چوہدری محمدنعیم، کشمیرپریس کلب کے صدر سجاد جرال، کشمیرالیکٹرانک میڈیاکے صدرسجاد بخاری،سمیت سیاسی وسماجی،مذہبی جماعتوں، انجمن تاجراں، وکلاء، صحافیوں،سرکاری ملازمین، ملازمین کی جریدہ وغیرجریدہ تنظیموں کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالاگیا۔ شرکاء جلوس پاکستان زندہ باد،بھارت مردہ باد، ہے حق ہماراآزادی، ہم چھین کے لیں گے آزادی،بھارتی غاصبوچھوڑ دو کشمیرکو، کشمیر بنے گاپاکستان کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔ شرکاء جلوس نے سیاہ جھنڈے اٹھارکھے تھے۔یوم سیاہ کا احتجاجی جلوس ضلع کچہری سے ہوتاہوا چوک شہیداں پہنچا۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مرزا قمرالزمان ایڈووکیٹ نے مقبوضہ کشمیر کی جلد آزادی اور تحریک آزادی کشمیر میں شہید ہونیوالے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے دعا کروائی۔شرکاء نے کہا کہ جب تک بھارت ریاست جموں وکشمیر پر اپنا غیر آئینی تسلط ختم نہیں کر دیتا اس وقت تک کشمیری بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طو ر پر مناتے رہیں گے۔