مری پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کی زیرِ صدارت مری میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کشمیر کے آئندہ وزیرِ اعظم کے نام پر مشاورت کی جا رہی ہے، جہاں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر وزارتِ عظمیٰ کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ طارق فاروق اور وقار نور کے نام بھی زیرِ غور ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کے ناموں کی منظوری بھی متوقع ہے جبکہ بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں کے لیے مختص نشست پر بھی آج فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں کشمیر کی نئی حکومت کے خدوخال کابینہ کی تشکیل اور دیگر اہم سیاسی امور پر بھی تفصیلی مشاورت جاری ہے۔




