امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے پٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریب اور متوسط طبقے کی جیب پر ڈاکہ ڈال کر مخصوص طبقے کو نواز رہی ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت اپنا قبلہ درست کرے، بصورت دیگر جماعت اسلامی ملک گیر حکومت گھیراؤ تحریک شروع کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں روٹی کی قیمت 10 روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے اور عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبانا ظلم ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی چاروں صوبوں میں بیک وقت احتجاجی مہم کا آغاز کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے عوام کے ساتھ مزید کھلواڑ کرنے کی کوشش کی تو اسے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی تحریک حکومت گھیراؤ تحریک میں تبدیل ہو جائے۔



