ایک مقام پر مظاہرین گاڑیوں میں سوار افراد سے کہہ رہے تھے کہ ’گاڑی واپس گھما لیں۔‘

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج مظفر آباد ڈویژن کے آٹھ حلقوں اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر صبح آٹھ بجے سے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ایل اے 27 (مظفر آباد ون) میں لینڈ سلائیڈنگ اور بارش کے باعث پولنگ موخر کی گئی ہے۔ جبکہ دیگر آٹھ حلقوں میں پولنگ ہو رہی ہے جن میں ڈویژن کے تین اضلاع مظفرآباد کے دیگر چار، جہلم ویلی کے دو اور نیلم کے دو حلقے شامل ہیں۔

جبکہ اس مرحلے کے دوران مہاجرین کی 12 نشستوں پر چار لاکھ سے زیادہ ووٹرز بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

مظفرآباد میں حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے حامیوں کی جانب سے احتجاج کے بعد ایک بار پھر انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی تھی