سابق امیدوار اسمبلی حلقہ کھوئی رٹہ، شاداب سکندر خان ایڈووکیٹ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بڑی تعداد میں افراد نے مختلف سیاسی جماعتوں کو خیرباد کہہ کر پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی۔
اس موقع پر صدر مسلم لیگ ن ہنگری راجہ جمیل احمد خان نے قائد میاں نواز شریف، اسحاق ڈار، مریم نواز اور بیرسٹر امجد ملک کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے آزادکشمیر اور پاکستان میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے انہیں مسلم لیگ ن ہنگری کا صدر نامزد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد حلقے کے عوامی مسائل کا حل اور بے لوث خدمت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور قائد نواز شریف کی عوامی خدمت کا مشن ہمارا رہنما ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بے روزگاری کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ آج نوجوانوں اور عوام میں جو جوش و جذبہ دیکھا گیا، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آزادکشمیر میں آئندہ حکومت مسلم لیگ ن ہی کی ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاداب سکندر خان ایک باصلاحیت نوجوان رہنما ہیں، جو لیڈر بن کر ابھرے ہیں۔ ان کا نعرہ "برادری نہیں، برابری" خوش آئند ہے اور عوامی شعور کی نمائندگی کرتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن ہنگری کے جنرل سیکرٹری، راجہ ارسلان عابد نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آج کھوئی رٹہ کی عوام نے مسلم لیگ ن کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی پورے آزادکشمیر میں عوام الیکشن سے پہلے ہی مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دے چکے ہوں گے، اور پارٹی دیگر جماعتوں کو کلین سویپ کرتے ہوئے دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی۔



